• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کی خدمات کے اعتراف میں شان پاکستان کا ایوارڈ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران لوگوں کی مالی مدد کرنے پر پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کو حکومت پاکستان کی جانب سے شانِ پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ’شان پاکستان ’ ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران ملک میں خدمات سرانجام دینے والوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازا گیا تھا۔تقریب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر ملک میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے، این جی اوز کے ہیروز سمیت سیکیورٹی و حکومتی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔مذکورہ تقریب میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور خدمات سرانجام دینے والی 38 شخصیات کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن میں خدمات سرانجام دینے والے گلوکار علی ظفر کی فلاحی تنظیم علی ظفر فاؤنڈیشن کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔ تقریب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کووڈ-19کے دوران انسانیت دوستی پر گلوکار علی ظفر کو ’شان پاکستان’ ایوارڈ سے نوازا۔خیال رہے کہ ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران علی ظفر فاؤنڈیشن نے موسیقاروں، ٹرانسجینڈرز اور اقلیتوں سمیت تقریباً 11ہزار خاندانوں کو راشن فراہم کیا اور ان کی مالی مدد کی تھی۔یاد رہے کہ مارچ میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد علی ظفر نے موسیقی کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے ’ کو کو کورونا ’ گانا بھی جاری کیا تھا۔

تازہ ترین