• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار جلال کا ترکی زلزلے پر شدید اظہار افسوس

دُنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی تُرکش سیریز  ’ارطغرل غازی‘ میں بہادر سپاہی عبدالرحمٰن کا کردار نبھانےوالے تُرک اداکار جلال نے ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے پر شدید دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ترک اداکار جلال نے ازمیر زلزلے کی دل دہلانے والی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ترک زبان میں لکھا کہ ’آج یوم یکجہتی ہے، آج ہم ازمیر اور اپنے اُن تمام بھائیوں کے ساتھ ہیں جو زلزلےسے متاثر ہوئے ہیں۔‘


ترک اداکار جلال نے ریسکیو اہلکاروں کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ تمام رضاکاروں، امدادی کارکنوں اور میڈیکل اسٹاف کی مدد کرے جو اپنی زندگی کی پرواہ کیے بغیر زلزلے سے متاثرہ افراد کی زندگی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

جلال نے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو شفا عطا کرے، آمین۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اس مشکل گھڑی میں ازمیر کے ساتھ ہیں۔‘

واضح رہے کہ ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 800 سے زائد زخمی ہوگئے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ترکی کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ کے ہیڈ آفس کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق زلزلہ زیر زمین 16.54 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ترکی اور یونان میں زلزلہ کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ 

زلزلہ کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلغاریہ، مصر، لیبیا اور برطانیہ میں بھی زلزلےکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

تازہ ترین