• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرا بیلگیچ کے بعد تُرک اداکار جلال نے بھی اُردو سیکھنا شروع کردی

دُنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی تُرکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اسرا بیلگیچ کے بعد اب تُرک اداکار جلال نے بھی پاکستان کی قومی زبان اُردو سیکھنا شروع کردی ہے۔

’ارطغرل غازی‘ میں عبدالرحمٰن غازی کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار جلال نے اپنے پاکستانی مداحوں کو ایک خوشخبری سُناتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں ایک شخص جلال کو اُردو سیکھنے کے لیے لغت دیتا نظر آرہا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوری میں تصویر شیئر کرتے ہوئے جلال نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ’اُنہوں نے اُردو زبان سیکھنے کے لیے ’اُردو-تُرکی‘ لغت لے لی ہے۔‘

جلال نے کہا کہ ’انشاءاللّہ وہ آج سے اُردو زبان سیکھنا شروع کر رہے ہیں۔‘

اس کے علاوہ جلال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستان کے مشہور ملی نغمے کا ایک سطر ’دل دل پاکستان، جان جان پاکستان‘ بھی لکھا اور اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے ایموجی والے پاکستانی پرچم کا بھی اضافہ کیا۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل جلال نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا تھا، اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستان میں موجود تمام مداحوں کو اس دن کی مناسبت سے تصویر شیئر کرتے ہوئے مبارکباد دی تھی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ پاکستان، پاکستان زندہ آباد، پاک ترک دوستی بھی لکھا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسرا بیلگیچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش تھی جس میں وہ اُردو کے روز مرہ استعمال ہونے والے جملوں کو سیکھنے اور پھر ان کا ترک زبان میں بولنے کا طریقہ سکھ رہی تھیں۔

اسرا نے ویڈیو کے آغاز میں بتایا تھا کہ وہ روزمرہ استعمال کیے جانے والے اردو کے فقروں کو سیکھ کر پاکستانیوں کو اس کا ترک زبان میں ترجمہ کر کے بھی بتائیں گی۔

یاد رہے کہ جلال نے تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں قائی قبیلے کے ایک بہادر اور ایماندار سپاہی کا کردار ادا کیا ہے۔

تازہ ترین