انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی کے بعد اب پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی ملک میں انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس ضمن میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔
صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ ہاکی کے دونوں بڑے ادارے سیکیورٹی وفد بھیج کر حالات کا جائزہ لیں۔
خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ مستقبل میں ہاکی ایونٹس کی میزبانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دی جائے۔ اُنہوں نےکہا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایشائی ٹیموں کو پاکستان آنےکی دعوت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خالد سجاد کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اولمپیئن سمیع اللّٰہ کے لیے فیڈریشن کے دروازے کھلے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام اولمپیئنز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، بہاولپور میں سمیع اللّٰہ سے ملاقات خوشگوار رہی، سمیع اللّٰہ نے ہمارے خلاف نہیں ہمیشہ ہاکی کی بہتری پر بات کی۔