کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی عدالت نے مزار قائد بے حرمتی کیس میں مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنماکیپٹن (ر)صفدر کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دے دیاہے۔ہفتہ کوسٹی کورٹ کراچی میں مزار قائد پر نعرے بازی اور بے حرمتی کے کیس کی سماعت میں لیگی رہنما پیش نہیں ہوئے۔ وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔وکیل نے بتایا کہ کیپٹن صفدر شہر سے باہر ہیں، پیش نہیں ہوسکتے جبکہ تفتیشی افسر نے بھی کیس کا چالان جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کیلئے 3 دن کی مہلت دے دی۔