پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت کو ہمارے احتساب سے کچھ نہیں ملا تو انہوں نے اب غداری کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ کہہ رہے تھے کہ احتساب ہو رہا ہے، کر لو آپ احتساب، مگر سوچتا ہوں کہ ہمیں جیل میں ڈال کر کاروبار تباہ کر کے ان لوگوں کو کیا ملا۔
سعد رفیق نے کہا کہ یہ کہتے تھے لوٹی ہوئی دولت باہر سے واپس لائیں گے لیکن ایک آنا نہیں آیا، مہنگائی سے عوام پس گئے، آج تیسرا سال شروع ہوگیا ہے، ایک دوسرے کو گالیاں دے کر اور غداری کا الزام لگا کر کیا خدمت کر رہے ہیں؟ پھر جب کوئی آپ کو جواب دیتا ہے تو آپ کو برا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن پاکستان کی پہلی میٹرو ٹرین ہے اس پر عام آدمی سفر کریں گے، جتنا قرضہ ن لیگ نے 5 سال میں لیا انہوں نے دو سال میں لے لیا ہے، ہمارا لیا ہوا قرضہ نظر آتا تھا، خود کا لیا قرضہ نظر آرہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن آگیا ہے تو آپ کو گلگت بلتستان یاد آگیا ہے، گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے علاوہ تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ملک میں قانون کا دہرا معیار کب تک چلے گا، اگر آج خاموش رہے تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ایک بڑا جلسہ ہوگا، اس ملک میں آئین، انصاف کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔