اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزير سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہےکہ ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ابھی نندن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نام ہی نہیں لیا، ایک بھارتی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جیسے بھارت میں سیاست دان ایک دوسرےکی ٹانگ کھینچتے ہیں، پاکستان میں بھی ایسا ہی ہے، سیاستدان ایک دوسرےکو نیچا دکھانے کیلئے ایسے بیانات دیتے ہیں، ایاز صادق نے آرمی چیف کا نام ہی نہیں لیا، ایاز صادق ہمارے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو کہہ رہے تھے، اس لئے کہ وہ ہمارے خلاف ہیں۔ ادھر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گلگت بلتستان کے عوام کو نئے صوبے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب آپ کو وہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوں گے وہ حقوق جو پاکستان کے باقی صوبوں کے عوام کو ہیں ، اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا گلگت بلتستان کے عوام کو نیا صوبہ مبارک ہو ،وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کیا، ہندوستان کے رونے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔