سپریم کورٹ میں ایڈیٹر ان چیف جنگ اور جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی درخواست ضمانت کی سماعت ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئی۔
سپریم کورٹ میں ایڈیٹر اِن چیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔
سماعت اس وقت ایک بار پھر التواء کا شکار ہو گئی جب نیب کی جانب سے دو ممبر بینچ پر اعتراض اٹھا دیا گیا۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ عدالت معاملے کو تین رکنی بینچ کو بھجوائے، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم بینچ نے کیس 3 رکنی بینچ کے سامنے لگانے کا حکم دے رکھا ہے۔
ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے کیس دو رکنی بینچ کے سامنے فکس کیا ہے، یہی معزز بنچ کیس کی سماعت کر سکتا ہے۔
جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کے مقدمات میں عدالت بہت محتاط ہے، ضمانت کی درخواست کو جمعرات کے لیے سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں۔
نیب کے وکیل نے کہا کہ ان کے دو پراسیکیوٹر علیل ہیں، رواں ہفتے اس کیس کے لیے نیب کی ٹیم کی دستیابی ممکن نہیں، کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے تین رکنی بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا۔