• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں پوزیشن بہتر ہونے پر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن جیت کے لیے پراعتماد ہے اور عوام کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیا، انہوں نے کہا ہے کہ ہر ووٹ شمار کیاجانا چاہیے۔

جوبائیڈن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ تحمل کا مظاہرہ کریں، جلد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر میں اور کاملا ہیرئس کامیاب قرار پائیں گے، عوام صبر کا مظاہرہ کریں۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ کچھ اور نہیں بلکہ ووٹرز کی خواہشات کی بنیاد پر صدر کا انتخابات ہوتا ہے۔

اس سے قبل ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے امریکی عوام سے انتخابی مہم کی تلخ یادیں بُھلانے کی اپیل کرتے ہوئے اور کہا تھا کہ ہمیں مخالف سوچ رکھنے والوں سے دشمنوں جیسا برتاؤ روکنا ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ جو بائیڈن نے جہاں جہاں جیت کا دعویٰ کیا ہے ان تمام ریاستوں میں بائیڈن کی جیت کو چیلنج کریں گے۔ ان تمام ریاستوں میں ووٹرز فراڈ اور اسٹیٹ الیکشن فراڈ کو چیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ اب تک ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 264 اور ری پبلکن امیدوار امریکی صدر ٹرمپ نے 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوبائیڈن کو صدر بننے کے لیے مزید 6 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔

تازہ ترین