بریڈفورڈ(پ ر) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات مولانا حافظ عبدالاعلیٰ درانی نے سابق سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے خلاف بیان بازی نہایت قابل مذمت حرکت ہے جواپوزیشن کے بعض لیڈر اس وقت کرر ہے ہیں، بے شک سیاست میں کوئی پالیسی حرف آخر نہیں ہوتی لیکن اپنے ہی وطن کو بدنام کرنا نہایت چھچھوری حرکت ہے جو ن لیگ گروپ کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ یہی بتاتی ہے کہ مسلمانوں کو نقصان کبھی دشمن سے نہیں پہنچ سکا بلکہ ہمیشہ ان کے اندر کے میر جعفروں اور میر صادقوں نے پہنچایا، پاکستان بیسویں صدی کا بہت بڑا معجزہ ہے جس کا ہر باسی تاحیات بھی سجدہ ریز رہے تو رب کریم کا شکر ادا نہیں ہوسکتا لیکن اس کے معدودے چند کے سوا اپوزیشن لیڈر ہمیشہ وہ لوگ رہے ہیں جنہیں صرف اقتدار مطلوب ہوتاہے وطن نہیں، وہ جب اقتدار میں ہوں تو خوش اور اقتدار سے باہر ہوں تو ان کی ہمدردیاں دشمنوں کے ساتھ ہوجاتی ہیں ۔ ایاز صادق نے ایک جھوٹی بات کہی ہے کبھی کسی پاکستانی کی ٹانگیں دشمن کے مقابلے میں نہیں کانپ سکتیں،نواز شریف نے بھارت کے سابق پی ایم اندرکمار گجرال کو کشمیری مجاہدین کے بارے میں فہرستیں فراہم کیں جس سے کشمیر کا مسئلہ حل ہونے کی بجائے مزید الجھ گیا اور ان کی مہربانیاں اتنی غیر متوقع تھیں کہ خود گجرال بھی حیران رہ گیا تھا، نواز شریف کی بھارتی لیڈروں کے ساتھ ہمدردیاں کھلے بندوں معروف ہیں اور یہ حقائق سرعام چھپتے رہے اور کسی ملوث فرد نے ان کی تکذیب نہیں کی اور اب سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ایک جھوٹےبیان سے وقتی طور پر بھارت کو خوشی ہوئی ہے، نہایت ہی شرمناک ہے اور اب وہ مزید کہہ رہے ہیں کہ میرے پاس اور بھی بہت سے راز ہیں جنہیں میں افشا کروں تو بھونچال آئے جائے گا حالانکہ یہ ان کی خام خیالی ہے وہ اپنی ہی بدبختی کو امر کریں گے، مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا پاک فوج ہی ملک کی اصل خیرخواہ ہے جس نے ملک کو ہر مرحلہ میں محفوظ کیا۔پاک آرمی کے خلاف پروپیگنڈا ہمیشہ ناعاقبت اندیش سیاستدانوں نے کیااور اسے بدنام کرکے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی انہوں نے کہا حیرت تو ان اپوزیشن لیڈروں پر ہے جو ایاز صادق کےبیان دیتے وقت ان کے ساتھ کھڑے تھے اور کسی نے بھی ان کی تردید یا انہیں ٹوکنے کی جرأت نہیں کی کیا آپ کو اس لیے ذمہ داری دی گئی تھی کہ آپ قومی رازاپنے دشمن کو دیں اور اگر کوئی کام کی بات نہ ملے تو خود گھڑلیں بتایا جائے کہ کبھی کسی بھارتی ذمہ دار نے بھی اس طرح کی خود کشی کی کوشش کی ہے جس طرح کی آپ کررہے ہیں یہ تو میر صادق کا نیا جنم ہے تم لوگوں کو وطن کے ساتھ بے وفائی کرتے وقت ہوش کیوں نہیں رہتی کہ اس ملک کا وجود اللہ کا ایک بڑا انعام ہے جب تک وہ چاہے گا اسے کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا قوم تمہیں سر پر بٹھاتی ہے اور تم لوگ انہی دشمنوں کو قومی راز بھی دیتے ہو اورجھوٹے الزامات بھی لگاتے ہو ۔