اسکردو،اسلام آباد (نمائندہ جنگ ، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں پہلے آپ سلیکٹڈ تھے اب ریجکٹڈ ہیں ، عمران خان آپ کو این آر او نہیں ملے گا،حکومتوں کو منتخب کرنے اور گھر بھیجنے کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے، اب عوام کسی کو اپنے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں گے، دو سالوں میں پاکستان بدل چکا ہے ،ہم لوٹوں کو چھپنے نہیں دیں گے ، موجودہ حکومت کے آخری دن آگئے ہیں ، دھاندلی رہے گی، نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ ہی دھاندلی کی پیداوار عمران خان رہیں گے ، اب راج کرے گی تو خلق خدا۔جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان والوں نے جو جذبہ دکھایا ہے اس کے بعد اگر (ن) لیگ دھاندلی سے ہرائی گئی تو نہ گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان،حکومت نے لوگوں سے روٹی، سکون، روزگار اور خوشیاں چھین لی ہیں۔