اسلام آباد،اسکردو( نمائندہ جنگ ،اے پی پی )وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کی ذاتیات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آن ریکارڈ کہتا ہوں، مریم خوبصورت ہے، لیکن یہ خوبصورتی عوام کے ٹیکس کے پیسے کی ہے، نوازشریف کی دو حکومتوں میں مریم نواز نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کروڑوں روپے کی سرجریاں کروائی ہیں،مریم کی یہ خوبصورتی بھی آپ کی دی ہوئی ہے اور یہ آپ کا مال ہے، میں یہاں کسی کو بھی اٹھا لو ں اور اس کی سرجریاں کروا دوں، تو آپ بھی براڈپٹ اور ٹام کروز بن جاؤ گے،وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو صرف دھوکہ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ووٹ ملنے سے پہلے ہی گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا آئینی حق دے دیا ہے۔