اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نےکہا ہے کہ موجودہ حکومت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ہی تحفہ ہے ،ٹرمپ چلا گیا،عمران کو بھی جانا ہوگا، ہر وعدے پر یوٹرن لینے والے وزیر اعظم پر اب عوام کو اعتماد نہیں رہا،سابقہ حکمران پارٹیوں اور مشرف کے بھگوڑوں کوجمع کرکے پی ٹی آئی بنائی اور پھر عوام پر مسلط کردی گئی،عمران خان کہتے تھے جس دن میرے خلاف چند ہزار لوگ نکل آئے میں استعفیٰ دیکر گھر چلاجائوں گا اب انکی غیرت کا امتحان ہے ،پورے ملک کے عوام ان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔پہاڑوں میں جمع ہونے والے لاکھوں لو گ جب اسلام آباد کا رخ کریں گے تو بڑے بڑے محل بھی حکمرانوں کو پناہ نہیں دے سکیں گے ۔وزیر اعظم بڑے فخر سے ٹرمپ کو اپنا دوست کہتے تھے ،ٹرمپ چلاگیا اب انہیں بھی جانا ہوگا۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج گرائونڈ بونیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بے حس حکمران عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین کر کہتے ہیں ملک ترقی کررہا ہے ،ہر وعدے پر یوٹرن لینے والے وزیر اعظم کے کسی وعدے پر اب عوام کو اعتماد نہیں رہا ،سابقہ اور موجودہ حکمران پارٹیوں کو ایک دوسرے کی مخالف سمجھنے والے خود فریبی سے نکلیں،حکومت اور اپوزیشن ایک ہی نظریے اور کلچر کے لوگ ہیں۔