صوابی(نمائندہ جنگ)سپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ آئندہ اے ڈی پی میں کاشتکاروں کوخصوصی مراعات کی فراہمی کے لئے خاطرخواہ فنڈز مختص کیے جائیں گے گزشتہ ادوار میں کاشتکاروں کو محروم رکھا گیا حالانکہ ہماری ستر فیصد اکانومی کا دورمدار زراعت پر ہے انہوںنے ان خیالات کا اظہار ضلع صوابی میں محکمہ زرعت اور ڈیری ڈیویلپمنٹ کے زیر اہتمام یوم کاشتکاران کے موقع پر اظہار خیال کر تے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ کاشتکار معیشت کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اس طبقہ کو گزشتہ ادوار میں محرومیوں کا شکار رکھا گیا انہوںنے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے کاشتکاروں کے لئے بہت سی مراعات کااجراء کررکھا ہے جس میں کاشتکاروں مفت تخم کی فراہمی بھی شامل ہے انہوںنے کہا کہ آئندہ اے ڈی پی میں کاشتکاروں کو مراعاتی پیکج فراہم کرنے کے لئے کثیر فنڈز مختص کیے جائیں گے انہوںنے کہا کہ ضلع صوابی میں پانی کی کمی پر قابو پانے کیلئے سولر ٹیوب ویل لگائے جارہے ہیں 17 عدد سولر ٹیوب ویل تحصیل چھوٹا لاہور میں نصب کئے جارہے ہیں جبکہ پی کے 35 میں ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہاہے ۔