پاکستان ریلویز نے کراچی میں سرکلر ریلوے کے آغاز کا اعلان کردیا، اس سہولت سے شہری 50 روپے میں 60 کلومیٹر کا فاصلہ پُرسکون طریقے سے طے کرسکیں گیں۔
سرکلر ریلوے کے لیے دی جانے والی تاریخ پر تاریخ کا سلسلہ ختم ہوا، محکمہ ریلوے نے کراچی میں سرکلر ریلوے کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا۔
ڈویژنل سپریڈنٹ آفس ریلوے کراچی ارشد سلام خٹک نے 16 نومبر سے کراچی میں سرکلر ریلوے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سروس صرف پِپری سے اورنگی ٹاؤن تک کے لیے ہوگئی۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق شہری 60 کلومیٹر کا یہ فاصلہ صرف 50 روپے میں طے کرسکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پِپری سے اورنگی ٹاؤن کے ٹریک کے لیے 4 ٹرینیں مختص کی گئیں ہیں، یہ ٹرینیں 3 گھنٹوں کے وقفے سے اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر چلیں گیں۔
انھوں نے بتایا کہ صبح 7 بجے اورنگی اور پپری اسٹیشن سے پہلی ٹرین روانہ ہوگی، جس کے بعد 10 بجے، دوپہر ایک بجے اور شام 4 بجے بھی ٹرینیں روانہ ہوں گی۔
ڈی ایس ریلوے کراچی کے مطابق پاکستان ریلوے نے کے سی آر کے آغاز کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے 6 ماہ کی ڈیڈلائن دی تھی، لیکن 8 ماہ گزر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 6 مارچ کو سپریم کورٹ نے محکمہ ریلوے کو 6 ماہ کے اندر پرانی سرکلر ریلوے بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔