• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونی ڈیپ کو ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں واپس شامل کرنے کیلئے مہم کا آغاز

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ اداکار57سالہ جونی ڈیپ نے تین دن قبل ہی تصدیق کی تھی کہ انہوں نے آنے والی فنٹیسی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ سے علیحدگی اختیار کرلی۔ جونی ڈیپ نے بتایا تھا کہ لندن کی ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے خلاف دائر کیا گیا 2 لاکھ یورو کا ہتک عزت کا کیس ہارنے کے بعد انہوں نے فلم سے علیحدگی اختیار کی۔اداکار کے مطابق ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کی ٹیم نے ان سے فلم سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی، جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے خود کو فلم سے علیحدہ کرلیا۔تاہم اداکار کی جانب سے فلم سے الگ ہونے کے معاملے پر ان کے مداح ناخوش تھے اور انہوں نے اس عمل کو ناانصافی قرار دیا تھا۔اور اب ان کے مداحوں نے جونی ڈیپ کو ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں واپس شامل کرنے کے لیے مہم کا آغاز کردیا۔شوبز ویب سائٹ بلاسٹ کے مطابق جونی ڈیپ کے مداحوں نے آن لائن پلیٹ فارم چینج آرگنائیزیشن پر اداکار کے حق میں پٹیشن کا آغاز کردیا۔پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ کو واپس فنٹیسی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کا حصہ بنایا جائے، انہیں فلم سے الگ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔آن لائن پٹیشن پر 10 نومبر کی سہ پہر تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کرلیے تھے اور جونی ڈیپ کو فلم میں واپس لانے کے لیے مزید افراد کی حمایت کی ضرورت ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اداکار کے مداح ان کی حمایت کریں گے، جس کے بعد ممکنہ طور پر جونی ڈیپ کو واپس فلم کا حصہ بنایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔خیال رہے کہ جونی ڈیپ کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ نے رواں ماہ 2 نومبر کو فیصلہ سنایا تھا۔

تازہ ترین