لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے احتساب عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا میں جیل میں جیسے میں رہا ہوں میرا ﷲ جانتا ہے اور وائرس کے دوران میں خود اپنی مدد آپ کے تحت دوائی لیتا رہا۔ احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔دورانِ سماعت حمزہ شہباز نے عدالت سے کہا کہ وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں اس پر عدالت نے انہیں بات کرنے کی اجازت دی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ میں 17 ماہ سے عدالتوں میں پیش ہو رہا ہوں، اس دوران بلٹ پروف گاڑی میں لایا جاتا رہا، اچانک سے بکتربندگاڑی لے آئے، گزشتہ سماعت کے لیے میں بروقت جیل کے باہر نکل آیا تھا میں نے انکار نہیں کیا تھا، پولیس افسران جان بوجھ کر میرے لیے بکتر بند گاڑی لائے۔لیگی رہنما نے عدالت کو بتایا کہ سب کو علم ہے میری کمر میں شدید تکلیف ہے، میں گاڑی کے لیے ڈھائی گھنٹے انتظار کرتا رہا، پولیس والوں کو کہا گاڑی تبدیل کرلیں اور عدالت لے چلیں۔