• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، فیکٹری سے 30ہزار کلو مضر صحت بیسن برآمد

پشاور ( وقائع نگا ر )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے 30ہزار کلو گرام سے زائد مضر صحت بیسن برآمد کرلیا۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کی ہدایت پر کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں بیسن کی تیاری میں ناکارہ ٹوٹے چاولوں سمیت دیگر مضر صحت اشیاء کی ملاوٹ کی جارہی تھی، جو صحت عامہ کے لئے نقصان کا باعث بن سکتے تھے، فیکٹری سے مضر صحت بیسن کو صوبے کے مختلف اضلاع میں سپلائی کیا جاتا تھا۔انٹیلجنس بیسڈ کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرمان علی اور فوڈ سیفٹی آفیسرز کی ٹیم نے حصہ لیا۔ اتھارٹی کے مطابق بیسن کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی تھی، اور انسپکشن کے دوران صفائی کے انتظامات نہایت ناقص پائے گئے، فیکٹری مس لیبلنگ میں بھی ملوث پائی گئی۔ ڈی جی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ایس او پیز پر متعلقہ کاروباروں کو عملدرآمد کا پابند بنایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ غیر معیاری بیسن تیار کرنے میں ملوث فیکٹری مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائیگا۔
تازہ ترین