• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کے جہاز کا دو طرفہ مشق میں شرکت کیلئے ترکی کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے بشمول ہیلی کاپٹر کے ترکی کی بندرگاہ اکساز کا دورہ کیا اور مشق (MAVI BALINA-2020)، پاک بحریہ اور ترک بحریہ کی پانچویں دوطرفہ مشق (TURGUTREIS) اور ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ گشت میں شرکت کی۔

اکساز کی بندرگاہ آمد پر ترک بحریہ کے حکام نے پی این ایس ذوالفقار کا پرتپاک استقبال کیا جو دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

ماوی بلینا 2020 ایک کثیر الجہتی بحری مشق ہے جس میں بلغاریہ، اٹلی، اسپین، رومانیہ اور امریکہ کے بحری اور ہوائی جہازوں نے بھی شرکت کی۔ 

مشق کا مقصد اس میں شریک بحری افواج کے مابین تجربات کا تبادلہ اور آپریشنز کی باہمی استعداد کار کو مزید فروغ دینا ہے۔ یہ مشق زمینی، سمندری اور تجزیاتی/ اختتامی تین مراحل پر مشتمل تھی جس کے دوران COVID-19 سے متعلقہ قواعد و ضوابط کا خصوصی خیال رکھا گیا۔

اکساز میں قیام کے دوران پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے سینیئر نیول حکام بشمولRear Admiral I. Kurtulus Sevinc اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ اکساز نیول بیس سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے ترک عوام بالخصوص ترک بحریہ کیلئے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ کمانڈنگ آفیسر نے ازمیر کے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔


 انہوں نے کشمیر پر بھارتی افواج کے غیر قانونی قبضے پر روشنی ڈالی اور جہاز کے بندرگاہ پر قیام کے دوران تعاون پر ترک بحریہ اور اکساز بندرگاہ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ پاک بحریہ کے تمام پیشہ وارانہ شعبوں میں ترک بحریہ کے ساتھ برادرانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ پی این ایس ذوالفقار کی حالیہ مشق میں شرکت دوستانہ تعلقات کے فرو غ کیلئے حکومت پاکستان کی پالیسیوں کی مظہر ہے۔

تازہ ترین