اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) نیب نے عدم شواہد کی بنا پر چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی ، بلوچستان کے دو سابق وزرا ء رحمت علی، صادق عمرانی اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کے 7 ریفرنسز دائر کرنیکا فیصلہ کیاگیا ہے ایم این اے سردار عاشق گوپانگ، سیکرٹری یوٹیلائزیشن ، سابق آئی جی سندھ ، سابق سیکرٹری سپورٹس بلوچستان سمیت دیگر عہدیداروں کیخلاف 6 انویسٹی گیشن کا بھی فیصلہ کیا گیاہے ، سابق ایم پی اے سندھ عبداللہ وینس اور بعض سرکاری عہدیداروں کیخلاف انکوائریز کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا،اجلاس میں7ریفرنسزکی منظوری دی گئی، سابق وزیر صحت بلوچستان رحمت علی اور دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دی گئی،ملزمان پر مبینہ طورپر اختیارات کے ناجائز استعمال ،غیر قانونی طور پر ٹھیکے دینے ،بھرتیاں کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، اجلاس میں سابق صوبائی وزیر بلوچستان میر محمد صادق عمرانی کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دی گئی،ان پر مبینہ طورپر اختیارات کے ناجائز استعمال، غیرقانونی طور پرآل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی 5ایکڑاراضی الاٹ کرنیکا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 28کروڑ26لاکھ روپے کا نقصان پہنچا، اجلاس میں سابق سیکرٹری مائینز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان مقبول احمد کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دی گئی،ملزم پر مبینہ طورپر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 32.15ملین روپے کی ریزروپرائس سے کم 21ملین روپے میں من پسند کمپنی کوٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔