اداکارہ و میزبان وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے وینا ملک پر بچوں کو غیرقانونی طور پر پاکستان اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
اسد خٹک نے اربابِ اختیار سے درخواست کی کہ مجھے انصاف دلوائیں اور مجھے میرے بچے ابرام اسد خان اور امل اسد خان لوٹا دیں۔
گزشتہ روز اسد خٹک نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘
اسد خٹک کے مطابق ’وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا ہے اور نہ بات کرنے دے رہی ہے۔ تنگ آکر مجھے قانونی راستہ اپنانا پڑا اور دبئی کورٹ نے بھی میرے حق میں فیصلہ دیا، لیکن وینا فرار ہوئی اور بچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان سمگل کر دیے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرے دونوں بچے امریکی شہری ہیں۔ وینا ملک نے نا صرف مجھے دھوکا دیا بلکہ دبئی حکومت کو بھی چکمہ دے کر بچوں کو پاکستان لے آئی۔ اب ان سب باتوں کا جواب کورٹ میں دینا ہوگا۔ دو امریکی شہری کس طرح دبئی سے پاکستان اسمگل ہو گئے۔ پاکستانی حکومت کہاں ہے۔‘
اسد خٹک نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں سابقہ اہلیہ پر الزام عائد کیا کہ ’ان سب کے باوجود میری ہی کردار کشی کی گئی۔ مجھے اور میرے خاندان کو دھمکیاں اور ہراساں کیا گیا۔ میرا کرئیر تباہ اور میرے ساتھ بازاری زبان استعمال کی گئی لیکن انسان کا سب بڑا اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے، جن کی آنکھوں سے نور چھن جائے ان کے صبح شام ایک برابر ہوتے ہیں۔‘
ڈیڑھ سال کی خاموشی کی وجہ بتاتے ہوئے اسد خٹک نے کہا کہ ’بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی، لیکن وقت آ گیا ہے کہ اس شرمناک عورت کی اصلیت سب کے سامنے رکھی جائے۔ ‘
اسد خٹک نے دبئی عدالت کے احکامات اور بچوں کی شناختی دستاویزات بھی ٹوئٹر پر شیئر کردی ہیں۔
اسد خٹک نے وینا ملک کی نازیبا زبان استعمال کرتی مبینہ آڈیو کال بھی ٹوئٹر پر شیئر کی۔
میرے بچوں کو بازیاب کروایا جائے: اسد خٹک
اسد خٹک نے یہ بھی لکھا کہ مسلسل کردار کشی، بدنام کرنے کی کوشش ذہنی اذیت، بچوں کو حوالے نہ کرنے (الٹا ان کو دبئی سے غائب کردیا گیا) میں نے زاہدہ عرف وینا ملک کو پچاس کروڑ ہرجانے کا نوٹس دے دیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں ہر قسم کی سخت قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔ میرے بچوں کو بازیاب کروایا جائے۔
ان الزامات کے ردعمل میں وینا ملک نے بھی جواب دیا جسے بعد میں فوراْ ہی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔