لاہور قلندرز کے شیدائی ’رانا ببرک‘ شور کوٹ سے پیدل چلتے ہوئے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
لاہور پہنچنے والے رانا ببرک کے پاؤں میں چھالے پڑے ہیں اور سینے پر لاہور قلندرز کی شرٹ سجی ہے۔
کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے پلے آف مرحلے میں شریک لاہور قلندرز کا یہ شیدائی دل میں محبت اور زبان پر جیت کی دعا لیے ہوئے ہے۔
رانا ببرک جو 4 دن میں 274 کلو میٹر مسافت طے کر لاہور پہنچے ہیں، انہوں نے لاہور قلندرز سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے یہ انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔
لاہور قلندرز کے اس شیدائی نے 9 نومبر کو اپنے شہر شورکوٹ سے لاہور کی جانب سفر شروع کیا تھا جو بالآخر 4 دن میں مکمل ہوگیا۔
رانا ببرک اپنی فیورٹ ٹیم لاہور قلندرز کی محبت سے لبریز دل کے ساتھ ٹیم کی جیت کی دعاؤں کے ساتھ بادشاہی مسجد پہنچا۔
بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ کے بعد رانا ببرک نے حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
رانا ببرک کا کہنا ہے کہ وہ اسٹیڈیم جا کر تو ٹیم سے اپنی محبت کا اظہار نہیں کرسکتا، لیکن اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے اس نے یہ انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔
لاہور قلندرز کا یہ شیدائی کہتا ہے کہ اس سال پی ایس ایل ٹرافی لاہور قلندرز کے نام ہونی چاہیے۔