• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں تشویشناک اضافہ، جیو کے رپورٹر سمیت 17 جاں بحق، سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 6.4 فیصد ہوگئی


کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) کورونا میں تشویشناک اضافہ، جیو کے رپورٹر سمیت 17جاںبحق، 24گھنٹوں کےدوران فاروق ستار، ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی سمیت 2156 نئے کیسز، 204 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 6.4فیصد ہوگئی۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2165مثبت کیسز ریکارڈ ہونے کے ساتھ ہفتہ کو مجموعی طور پر کوویڈ۔19کے فعال کیسز کی تعداد 24938 تک پہنچ گئی ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق مختلف اسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے 17مریض گزشتہ روز جان کی بازی ہار گئے۔

بلوچستان میں کوویڈ سے متاثرہ کوئی شخص وینٹی لیٹر پر نہیں ہے جبکہ پاکستان میں دیگر مقامات پرکوویڈ۔19مریضوں کے لئے مختص 1858میں سے 204وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں،ملک بھر میں اب تک لگ بھگ 322414افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی بحالی کا تناسب 90فیصد سے زیادہ ہے۔

وبائی مرض کے پھیلنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 354461کیسز سامنے آئے، جمعے تک ملک بھرمیں تقریباً 77109اموات ریکارڈ کی گئیں ۔کورونا سے جاںبحق ہونیوالوں میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر ارشد وحید چوہدری بھی شامل ہیں۔

گزشتہ دنوں ارشد وحید چوہدری میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے،دوران علاج طبیعت زیادہ بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جہاں آج وہ دارفانی سے کوچ کرگئے۔

ادھر ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سر براہ سینئر سیاستدان سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، فاروق ستار نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ 

خیبر پختونخوا میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے اور اب صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان اور ان کے گھر والے بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا سے مزید 16مریض انتقال کر گئے ،865نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 335 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران13320 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 865نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ تشخیص کی شرح کا 6.4فیصد ہے ۔

تازہ ترین