بھارتی شہر لکھنؤ میں 69 سالہ خاتون کے بیٹے نے اپنی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق پر اپنی ماں کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ نرمالا دیوی اپنے بیٹے تری دیش، بہو رنجنا اور تین پوتوں کے ساتھ دو منزلہ مکان کے گراؤنڈ فلور پر رہتی تھیں جبکہ اوپری منزل کرائے پر دی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے کی دوپہر تری دیش کے 14 سالہ بیٹے آدتیہ نے دادی کو گھر میں ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے پایا، بعد ازاں اِنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے گلے پر تشدد کے نشانات موجود تھے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق اِنہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ کے بیٹے تری دیش نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی بیوی رنجنا کا کرایہ دار راجن کے ساتھ ناجائز تعلق تھا، جس پر میری ماں اعتراض کرتی تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے سے چند روز قبل ساس اور بہو کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا جس کے بعد مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
ملزمان پر الزام ہے کہ قتل کے بعد مقتولہ کے زیورات بھی چوری کر کے چھپا دیے گئے اور گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے کچھ وقت کے لیے بند کر دیے گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ دورانِ تفتیش راجن نے اعترافِ جرم کر لیا ہے تاہم اس نے میڈیا کے سامنے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔