کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو سپر اوور میں شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد پشاور زلمی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی،آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں پاکستان ٹیم سے ڈراپ ہونے والے کراچی کنگز کے محمد عامر نے سپر اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ملتان سلطان کو آئوٹ کلاس کردیا۔ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم میں سپر اوور مرحلے میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے13 رنز بنائے، جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 6گیندوں پر صرف9 رنز ہی بناسکی۔
اس سے قبل کوالیفائر میں 142رنز کا تعاقب کرنے والی کراچی کنگز کو میچ کے آخری اوور میں محض 7رنز درکار تھے جبکہ اس کی تین وکٹیں بھی باقی تھیں تاہم ملتان سلطانز کے نوجوان محمد الیاس نے اوور کی پہلی 5 گیندوں پر صرف دو رنز دے کراور ایک وکٹ حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔
کراچی کنگز کو جیت کے لیے میچ کی آخری گیند پر 5رنز درکار تھے کہ کپتان عماد وسیم نے چوکا لگا کر میچ برابر کردیا،کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، بابراعظم65 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے، اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 141رنز بنائے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے پہلے ایلیمنیٹرز میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی،پشاور زلمی نے لاہور کو مقررہ 20 اوورز میں 171 رنزکا ہدف دیا جو قلندزر نے 19 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
محمد حفیظ کی دھواں دار اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ فائیو کے ایلمینیٹر میں لاہور قلندرز نے سا بق چیمپئن پشارو زلمی کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں اپنے امکانات کو روشن کرلیا،اتوار کو لاہور اور ملتان کے میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی،ہفتے کی شب محمد حفیظ نے46گیندوں پر72ناٹ آوٹ رنز بنائے ان کی اننگز میں دو چھکے اور9چوکے شامل تھے۔
وائزنے دو چھکوں کی مدد سے16رنز بنائے۔لاہور نے171رنز کا ہدف ایک اوور قبل پورا کرلیا،لاہور قلندرز کی اننگز میں فخر زمان 6،تمیم اقبال 18،کپتان سہیل اختر 7، بین ڈنک اور سمت پٹیل 20,20رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں خطرناک حیدر علی کو بغیر کوئی رن بنائے چلتا کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے پہلے امام الحق پھر فاف ڈوپلیسی نے بالترتیب 24 اور 31 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا، شعیب ملک 39 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ ہارڈس ویلیون نے آخری لمحات میں 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر زلمی کو 170 رنز کے قابلِ اعتماد ٹوٹل تک پہنچادیا۔
قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے 3 وکٹیں لیں جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہارڈس ویلیون نے حارث روف کے آخری اوور میں بیس رنز بنائے۔