برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے یورپین سفیروں سے کہا ہے کہ ایک مسابقتی دنیا میں یورپ کو صرف کہنے کی بجائے ،طاقت کی زبان کی پریکٹس کرنا چاہئیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوری دنیا میں موجود یورپین سفیروں کے ایک ہفتہ طویل آن لائن اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمعہ کے روز یورپین ایمبیسیڈرز کانفرنس 2020 کی اپنی اختتامی گفتگو میں جوزپ بوریل نے کہا کہ وسیع سیاسی رجحانات اور کورونا وبا کے دوران یورپین یونین کی بطور سیاسی منصوبے کے تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسی یونین کی تشکیل جو عمل اور حفاظت دونوں کرتی ہے۔ اس موقع پر ای یو خارجہ امور کے سربراہ نے یورپین سفیروں کے ساتھ ملکر یورپین یونین کیلئے اہم بیرونی ترجیحات کا جائزہ لیا جس کی ابتدا یورپ کے پڑوس کو محفوظ بنانے سے ہو۔ دنیا بھر میں موجود یورپین یونین کے 143 ڈیلیگیشنز اور دفاتر کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید مطلع کیا کہ اس حوالے سے یورپین ممبر ریاستوں میں باہمی دفاعی تعاون کے کئی منصوبے آگے بڑھ رہے ہیں ۔