اسلام آباد،سرا ئے عا لمگیر، بصیرپور (جنگ نیوز،نا مہ نگاران) راولپنڈی میں فرانسیسی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف تحریک لبیک پاکستان کی احتجاجی ریلی اتوار کے روز فیض آباد پہنچ گئی، شہر میں تحریک لبیک کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے مابین جھڑپیں رات گئے تک جاری رہیں، اس دوران سکیورٹی اداروں نے تحریک لبیک کے 200سےزائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ 12 پولیس اہلکار مظاہرین کے پتھراؤ سے زخمی ہوگئے۔،آنسو گیس شیلنگ، ربڑ بلٹس بھی فائر، سرائے عالمگیر سمیت مختلف شہروں میں کارکنوں کی پکڑ دھکڑ بھی کی گئی، راولپنڈی میں ریلی فیض آباد پہنچنے پر انتظامیہ نے فیض آباد سمیت گردو نواح کی اسٹریٹ لائٹس بند کر دیں۔فیض آباد کے مقام پر بھی پولیس اور ریلی کے شرکاء میں جھڑپیں ہوئیں، آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ربڑ کی گولیاں فائر کرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ اسلام آباد کو آنے اور جانیوالے راستے بند کردئیے گئے، سڑکیں ویران ہوگئیں۔راولپنڈی میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی۔