• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے رابطے کے بعد کشمور پولیس کے افسران و اہلکاروں کا مورال بلند

سکھر (بیورو رپورٹ) کشمور میں بچی اور اسکی والدہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے پر کشمور پولیس کو خراج تحسین و سلام پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھی ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ اور اے ایس آئی محمد بخش برڑو کو شاباش دی گئی ہے، جس سے پولیس کا مورال بلند ہو اہے، پولیس افسران و اہلکاروں کے جذبوں میں نیا جوش دکھائی دے رہا ہے، اک نئی امنگ کے ساتھ افسران و اہلکار فرائض کی ادائیگی میں مصروف عمل ہیں۔ گزشتہ دنوں کشمور میں کراچی کی رہائشی خاتون تبسم اور اس کی بیٹی علیشا کو وحشی ملزمان نے اغوا کے بعد ز یاد تی کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون کے تھانے پہنچ کر روداد سنانے کے بعد اے ایس آئی محمد بخش نے دلیرانہ کردار نبھاتے ہوئے اپنی بیٹی کو مذکورہ خاتون کے ہمراہ ملزمان کے پاس بھیجا اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بناکر بچی کی بازیابی عمل میں لائی گئی، افسوسناک واقعہ میں پولیس کے مثالی کردار پر مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے ستائش و تحسین اور سلام پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ اور اے ایس آئی محمد بخش برڑو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹیلی فونک رابطے میں ماں اور بچی کے ساتھ زیادتی کیس کی تفصیلات معلوم کیں، وزیر اعظم نے بچی اور ماں سے زیادتی کیس میں پولیس کی کارکردگی کی تعریف کی، شاباش دی۔

تازہ ترین