وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
جنید صفدر کی شادی کی تقریبات سے وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دولہا، دلہن کے علاوہ مریم نواز کے ملبوسات اور دلکش انداز پر بھی سوشل میڈیا صارفین مختلف قسم کے تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پر حد سے زیادہ تنقید کی گئی، لوگوں کا کہنا تھا کہ اُنہوں (مریم نواز) نے بیٹے کی شادی پر جس طرح کے ملبوسات پہننے کا انتخاب کیا اس سے دلہن کو زیادہ توجہ نہیں مل سکی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز قدرتی طور پر بہت خوبصورت ہیں اس لیے جب بھی وہ منظر عام پر آتی ہیں لوگ ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اللّٰہ نے اُنہیں خوبصورت بنایا ہے، ہر عورت کو خوبصورت نظر آنے کا حق ہے کیونکہ عورتیں اسی طرح پیدا ہوتی ہیں، اب کچھ خواتین مریم نواز کی طرح بہت زیادہ خوبصورت ہوتی ہیں، کچھ ہماری طرح ہیں اور کچھ فلٹر استعمال کرنے کے بعد بھی خوبصورت نظر نہیں آتیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی انسان بُرا پیدا نہیں ہوتا، لوگ حالات کی وجہ سے ایسے ہو جاتے ہیں، میں کسی کی پرورش پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی کیونکہ تمام والدین اپنے بچوں کی اچھی پرورش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور بعض اوقات اچھے ارادے اور پرورش کے باوجود بھی نتائج مایوس کن ہو سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اچھی پرورش کے بعد بھی نتائج مایوس کن ہونے پر والدین اپنے بچوں سے شرمندہ ہوتے ہیں۔