وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اپنا اعتماد واضح کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ گلگت بلتستان نے مجرمہ مریم اور مفرور نواز کا ملک دشمن بیانیہ دفن کر دیا۔
شہباز گل نے کہا کہ لاہور کے ایک سینئر ن لیگی لیڈر ملک دشمن بیانیے کی وجہ سے عملی سیاست سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔
اپنے بیان میں شہباز گل کا یہ بھی کہنا تھا کہ افسوس حسد نفرت و بغض میں بھری مریم نواز ان حقائق سے بھی سبق نہیں سیکھیں گی۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی تا حال جاری ہے، 23 نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 19نشستوں کے مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آگئے ہیں۔ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 6 پر پاکستان تحریک انصاف، 4 پر پیپلز پارٹی، ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیوایم) نے جبکہ ایک نشست پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات میں 4 حلقوں کے مکمل نتائج آنا باقی ہیں، 2 حلقوں میں پی ٹی آئی، 1 میں مسلم لیگ ن اور ایک میں پی پی پی کے امیدوار آگے ہیں۔