• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسے جلوس پر پابندی، کورونا 4 گنا بڑھ گیا، فیکٹریاں،دکانیں، کاروبار بند نہیں ہوں گے، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا فیصلہ اگلے ہفتے تک موخر

جلسے جلوس پر پابندی، کورونا 4 گنا بڑھ گیا


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم نے اگر پہلے کی طرح کورونا سے بچائوکے ضابطہ کار پر عمل کیا تو لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار اور معیشت کو بچانے میں کامیاب رہیں گے۔

وائرس پہلے سے زیادہ خطرناک ہے ‘اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو نتائج سنگین ہوسکتے ہیں ، گلگت بلتستان میں انتخابات کے بعد کورونا تیزی سے پھیلا ہے، کورونا وبا کے تناظر میں ہم اپنا جلسہ منسوخ کر رہے ہیں اور ملک بھر میں جلسے، جلوسوں پر پابندی ہو گی‘ فیکٹریاں، دکانیں اور کاروبار بند نہیں کرینگے۔

فیکٹریوں، دکانوں اور کاروباری مراکز میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘ شادی ہالز کی بجائے کھلی جگہ پر تقریبات منعقد ہوں گی، کسی بھی قسم کی تقریب میں 300 سے زائد لوگ شامل نہیں ہوں گے‘حالات دیکھ کر ایک ہفتے بعد اسکولوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں زیادہ اور گرمیوں کی چھٹیاں کم بھی کی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کورونا سے متعلق رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے‘ پاکستان کی نسبت بھارت اور ایران میں حالات زیادہ خراب ہیں‘گزشتہ 10روز کے دوران پاکستان میں کورونا کیسز چار گنا بڑھ گئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اموات کی شرح ایک دن میں چار، پانچ سے بڑھ کر 25ہو گئی ہے‘اگر مریضوں کی یہی تعداد برقرار رہی تو ملک میں پھر جون جیسی صورتحال پیدا ہو گی۔

احتیاط نہ کی توڈر ہے کہ اسپتال مریضوں سے بھر جائیں گے‘ موجودہ تناظر میں یہ صورتحال مزید بھی بگڑ سکتی ہے کیونکہ کورونا اب زیادہ شدت اور تیزی سے پھیل رہا ہے‘یہ احتیاط کرنے کا وقت ہے، ایس او پیز پر عمل کیا تو دوسری لہر کا مقابلہ کر سکتے ہیں، کورونا سے بچنے کا آسان طریقہ صرف ماسک کا استعمال ہے، سماجی فاصلوں پر عمل کریں اور ہر صورت ماسک پہنیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں، مساجد اور عوامی مقامات پر ماسک پہنا جائے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔ ٹائیگر فورس موبائل فون کے ذریعے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون کرے گی۔

تازہ ترین