• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موڈرنا، نئی کوویڈ19- ویکسین مرض سے تقریباً 95 فیصد تحفظ فراہم کرسکتی ہے

لندن ( پی اے ) نئی کوویڈ19 ویکسین مرض سے تقریباً 95 فیصد تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔ امریکی کمپنی موڈرنا کے ابتدائی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی ویکسین کوویڈ۔19 سے تحفظ کے لئے تقریباً 95 فیصد موثر ہے۔ نتائج نے فائزر کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین کے ایسے ہی موثر ہونے پر سبقت لے لی ہے اور اس بارے میں اعتماد بڑھ رہا ہے کہ ویکسینز وبا کا خاتمہ کر سکتی ہیں۔ دونوں کمپنیوں نے اپنی ویکسین کی تیاری میں انتہائی منفرد اور تجرباتی طریقے اختیار کئے۔ موڈرنا نے کہا ہے کہ یہ ایک ’’ عظیم دن ‘‘ ہے اور اس کی جانب سے ویکسین کے استعمال کی اجازت کے لئے آئندہ چند ہفتوں میں درخواست دے دی جائے گی۔ بہر کیف یہ ابتدائی اعدادوشمار ہیں اور اہم سوالات کے جواب ابھی تک تشنہ ہیں۔ ویکسین کے ٹرائل کے دوران امریکہ میں 30000 افراد کو چارہفتوں کے وقفہ سے دو خوراک دی گئیں۔ باقی لوگوں کو ڈمی انجیکشن لگائے گئے تھے۔تجزیہ کی بنیاد پہلے 95 افراد میں کوویڈ۔19 کی علامات ظاہر ہونے پر تھی ۔ صرف پانچ کوویڈ کیسز ان لوگوں کے تھے جن کوویکسین دی گئی تھی جبکہ 90 افراد وہ تھے جنہیں ڈمی ٹریٹمنٹ دیا گیا تھا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ویکسین 94.5 فیصد تحفظ فراہم کر رہی ہے۔اعدادوشمار سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ٹرائل میں کوویڈ۔ کی انتہائی کیفیت کے 11 کیسز بھی شامل تھے مگر جنہیں ویکسین دی گئی تھی انہیں کچھ نہیں ہوا۔موڈرنا کے چیف میڈیکل آفیسر ٹیل زیکس نے بی بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی مجموعی اثر انگیزی قابل ذکر ہے۔ یہ ایک عظیم دن ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم اب بھی یہ نہیں جانتے کہ تحفظ کتنے عرصہ کے لئے ہوگا ، اس بات کا جواب دینے کے لئے رضاکاروں کو طویل عرصہ تک مانیٹر کرنا ہوگا۔ اس ضمن میں فی الوقت کوئی اعدادوشمار نہیں کہ معمر افراد کے گروپ پر جنہیں کوویڈ سے مرنے کے خدشات ہوں ، ویکسین کتنی اثر اندوز ہوگی۔ تاہم مسٹر زیکس نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی عمر کے افراد پر ویکسین کی اثر انگیزی میں کمی نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سوالات اس امر پر اثر اندوز ہوں گے کہ کورونا وائرس ویکسین کس طرح استعمال کی گئی۔ سیفٹی کے حولے سے کوئی تشویش سامنے نہیں آئی، مگر کوئی بھی میڈیسن بشمول پیراسیٹا مول 100 فیصد محفوظ نہیں ہوتی۔ بعض مریضوں میں انجیکشن کے بعد بھی مختصر عرصہ کے لئے تھکاوٹ ، سر درد اور جسمانی درد کی رپورٹس ہیں۔ موڈرنا نے توقع ظاہر کی ہے کہ ملک میں 20 ملین خوراک دستیاب ہوں گی۔ کمپنی کو یہ امید بھی ہے کہ اگلے سال دنیا بھر میں ایک بلین خوراک دستیاب ہو سکیں گی۔ برطانوی حکومت موڈرنا سے مذاکرات کر رہی ہے کیونکہ اس کی ویکسین ان چھ میں شامل نہیں جن کی خریداری کا آرڈر دیا جا چکا ہے۔ برطانیہ نے زائد عمر افراد کو ترجیحی طور پر ویکسین دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
تازہ ترین