• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، 2128 نئے کیسز، مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور اکرام دھاریجو بھی متاثر، 19 اموات

کراچی،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) کورونا وائرس، ملک میں نئے مریضوں کی شرح 7.2فیصد، 2128نئے کیسز، مراد علی شاہ، شرجیل میمن ، اکرام دھاریجو اورصوبائی ایڈیشنل ہوم سیکریٹری عثمان چاچڑ بھی متاثر، فعال کیسز 28ہزار 48 تک پہنچ گئے، 19 اموات دیکھی گئیں۔ 

تفصیلات کےمطابق پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 7 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی، پیر کو این سی او سی سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2ہزار128مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19مریض ملک بھر کےاسپتالوں میں وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مجموعی طور پر کورونا کےفعال کیسز کی تعداد28ہزار 48 ہوگئی ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 29ہزار 511کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے۔

ملک بھر میں وینٹی لیٹرز پر 206کورونا کے مریض ہیں، ابھی تک ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار32ہے،ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہے۔

ادھر سندھ میں کورونا وائرس سےمزید 4 مریضوں کے انتقال کر جانے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2751ہوگئی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11596 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 848 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی جو موجودہ تشخیصی شرح کا 7.3 فیصد ہے، 848 نئے کیسوں میں سے 592 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کےبعد انہوں نے معمول کی سرگرمیاں معطل کردی ہیں اور خود کو گھر میں قرنطینہ کردیا ہے، صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

انہوں نے بھی اپنی رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا، کورونا وباء نے شرجیل انعام میمن اور ایڈیشنل ہوم سیکریٹری عثمان چاچڑ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،انہوں نےعوام سے دعائے صحت کی اپیل کی۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری سید وسیم اور محکمہ داخلہ میں اسٹاف آفیسر سعید اللہ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا جبکہ سندھ سیکریٹریٹ اورانفارمیشن سمیت کئی محکموں کےملازمین کورونامیں مبتلا ہوگئے ہیں،مزید برآںکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سندھ سیکرٹریٹ میں سائلین اور صحافیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین