اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں ڈپٹی سیکرٹری کابینہ ڈویژن زبیر صدیقی نے بیان قلمبند کرایا اور کابینہ سیکرٹریٹ سے متعلق ریکارڈ جمع کرایا۔ گواہ کا بیان مکمل نہیں ہو سکا اور آئندہ سماعت پر 26 نومبر کو بھی جاری رہے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک اور انور مجید ، عبدالغنی مجید کے وکیل ارشد تبریز عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ فاروق نائیک کراچی میں ہیں جبکہ ارشد تبریز نے کورونا کے باعث خود کو قرنطینہ کر رکھا ہے۔ دوران سماعت آصف زرداری اور یوسف گیلانی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔