کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے خیرپور ناتھن شاہ سے تعلق رکھنے والے مزدور سرفراز سمیت 10لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس حکام کو لاپتا افراد کی فوری بازیابی کی ہدایت کردی۔ فاضل عدالت نے لاپتا مزدور سرفراز کے حوالے سے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ بدھ کو جسٹس محمد کریم خان آغا کی سربراہی میں جسٹس امجدعلی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ضلع دادو کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ کے مزدور سرفراز ، عبد اللہ اور سعید عارف سمیت 10لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر لاپتاعبداللہ کی اہلیہ نے عدالت کو بتایا کہ اس کا شوہر عبد اللہ گزشتہ ساڑھے 3 سال سے لاپتا ہے۔لاپتا شہری سعید عارف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سعید عارف 2017 سے لاپتا ہے، جے آئی ٹی بنتی ہے ٹوٹ جاتی ہے مگر ان کے موکل کا بیٹا واپس نہیں آتا ، لاپتا سرفراز کے بھائی نے عدالت کو بتایا کہ اس کا بھائی 2019میں لاپتا ہے۔