لاہور( این این آئی)معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپنے والے خودگلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ کی تذلیل کر رہے ہیں۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے ظل سبحانی کا ملک دشمن بیانیہ ان کے منہ پر دے مارا،کیلبری کوئین ڈھٹائی سے عوامی مفاد کا ڈھونگ رچاتی ہیں لیکن ایجنڈا صرف ابابچائو،مال بچائو مہم ہے ،جتنا چاہے شور مچالو آپ کوچوری کا حساب دینا ہوگا۔ایک اوربیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کے دعویدارشہباز شریف اپنی ہی پارٹی کے 51کروڑ 52لاکھ 71ہزار روپے کے فنڈز ہڑپ کر گئے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورنجی ہائوسنگ سوسائٹی مالکان سے کروڑوں کی وصولیاں کی گئیں،دستاویزات کے مطابق2010-15کے دوران رقوم شریف گروپ کے ملازم راشدکرامت کی نثار ٹریڈنگ کمپنی کے اکائونٹ میں منتقل کی گئیں ۔