• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے کا افتتاح آج، روٹ محدود، تیاریاں نامکمل

کراچی سرکلر ریلوے کا افتتاح آج، روٹ محدود، تیاریاں نامکمل


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلوے نے اپنا سابقہ فیصلہ تبدیل کرکے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو فی الحال سٹی سے مارشلنگ یارڈ، پپری اسٹیشن تک محدود کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً 42کلو میٹر طویل مرکزی ریلوے لائن پر جمعرات 19نومبر سے اپ اینڈ ڈائون روزانہ 4مسافر ٹرینیں چلائی جائیں، جن میں مکمل سفر کا یکطرفہ کرایہ 50روپے فی مسافر مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلولے شیخ رشید احمد جمعرات کو صبح 11بجے سٹی اسٹیشن پر ’’ کے سی آر بحالی منصوبے‘‘ کا افتتاح کرینگے۔ قبل ازیں عدالت عظمیٰ کے حکم پر کے سی آر کی بحالی کا عندیہ دیتے ہوئے 16نومبر سے پپری سے اورنگی اسٹیشن تک اپ اینڈ ڈائون روزانہ 8مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا گیا تھا اور قریباً 60کلو میٹر طویل مکمل سفر کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 50روپے مقرر کیا گیا تھا۔ریلوے حکام کے مطابق اب 2ٹرینیں صبح 7بجے اور شام 5بجے سٹی سے مارشلنگ یارڈ،پپری اسٹیشن تک جائیں گی اور اسی طرح 2ٹرینیں صبح 7بجے اور شام 5بجے پپری سے سٹی اسٹیشن تک براستہ لانڈھی، ملیر، ڈرگ روڈ اور کینٹ اسٹیشن سفر کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر کے اصل ٹریک یعنی سٹی سے اورنگی اسٹیشن تک ابھی بہت سا ترقیاتی کام ہونا باقی ہے،یہاں اسٹیشنز کی تزئین و آرائش مکمل ہے نہ ریلوے پھاٹک فعال ہیں، جب کہ ریلوے ٹریک بھی کئی مقامات پر مخدوش ہے، جس کے باعث ریلوے حکام کو یو ٹرن لیتے ہوئے اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ہے۔

تازہ ترین