چارسدہ، جنوبی وزیرستان(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) حساس ادارے کےدفتر پرحملہ، سیکورٹی پر مامور ایف سی اہلکار شہید ،جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی ماراگیا ،واقعہ کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنردفتر سے متصل حساس ادارے کے دفتر میں نامعلوم موٹر سائیکل حملہ آور نےداخل ہونے کی کوشش کی اس دوران مین گیٹ پر اندھا دندھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایف سی اہلکار مسلم خان سکنہ شبقدر شدید زخمی ہو گیاجو بعد میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر جام شہادت نوش کرگیا،سیکورٹی فورسز کےجوانوں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور بھی موقع پر ہی ماراگیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں دہشت گردی کا خطرہ پہلے سے موجود تھاجس کے پیش نظر مختلف جگہوں پر سیکورٹی کو ہائی الرٹ کیاگیا،واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کرلیاگیا ۔دریںا ثنا جنوبی وزیرستان میں بھی تخریبی کارروائی کے دوران 2 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیاہے۔