• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الحمد اللّہ میرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا، سیدہ طوبیٰ عامر

گزشتہ دنوں عالمی وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہونے والی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔

اس حوالے سے سیدہ طوبیٰ عامر نے اپنے اور عامر لیاقت حسین کے چاہنے والوں کو ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

سیدہ طوبیٰ عامر نے ٹوئٹر پر اپنے شوہر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خون ٹیسٹ کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللّہ میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔‘

اہلیہ عامر لیاقت حسین نے شوہر کی صحت سے متعلق کہا کہ ’عامر لیاقت حسین کے خون ٹیسٹ کی رپورٹ کافی بہتر آئی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اُن کی طبیعت میں بہتری آرہی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عامر لیاقت حسین ابھی بھی آئی سی یو میں ہی داخل ہیں لیکن وہ تیزی سے تندرستی کی طرف جا رہے ہیں۔‘

سیدہ طوبیٰ عامر کا مزید کہنا تھا کہ ’میری دُعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوکر گھر واپس آجائیں آمین۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عامر لیاقت حسین کی طبیعت زیادہ بِگڑ گئی تھی جس کے بعد سے وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران مزید 18 افراد کا انتقال ہوگیا ہے۔

گزشتہ چار ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ کورونا کیسز 2547 رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 7 فیصد سےتجاوز کرگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7248 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 65 ہزار 927 تک جا پہنچے ہیں۔

تازہ ترین