• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں اسلامی سربراہی کانفرنس کی یادگاری تختی ٹو ٹ پھوٹ کا شکار


لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کے باعث چیئرنگ کراس مال روڈ پر بنی اسلامی سربراہی کانفرنس کی یادگاری تختی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، دھول اور مٹی سے اٹی یادگاری تختی پر سے ٹائلیں بھی غائب ہیں، مختلف جگہوں پر پڑے گڑھےانتظامیہ کا منہ چڑا رہے ہیں۔

لاہور 1974ء میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا میزبان بنا تھا، اس کانفرنس کی یاد میں مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے سمٹ مینار تعمیر کیا گیا، سمٹ مینار کے بالکل سامنے فیصل چوک میں سمٹ کانفرنس کی ایک یادگاری تختی بھی نصب ہے، جو انتظامیہ کی لاپروائی کےباعث زبوں حالی کا شکار ہے۔

یادگاری تختی کے پتھر اور ٹائلیں جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں، اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی تقریر کے اردو اور انگریزی زبانوں میں نقش جملے بھی مٹ رہے ہیں، یادگار ی تختی کے گرد تعمیر فوارہ بھی گرد اور مٹی سے اٹا پڑا ہے۔


پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی، وزراء اور دیگر شرکاء کا آنا جانا رہتا ہے، یہ چوک سیاسی سرگرمیوں کا بھی ہمیشہ ہی مرکز رہا ہے مگر یہاں نصب یہ یادگاری تختی آج تک کسی سیاست دان کی توجہ حاصل نہیں کرسکی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یادگاری تختی کی مرمت کے ساتھ ساتھ اس کی تاریخ بھی یہاں نصب کی جانی چاہیے تاکہ ہماری آئندہ نسل اپنی تاریخ کے سنہری ابواب سے آگاہ ہوتی رہے۔

تازہ ترین