تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو مدرسہ ابوذر غفاری میں سپرد خاک کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ گریٹر اقبال پارک لاہور میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ مرحوم کے صاحبزادے اور تحریک لبیک کے نئے امیر علامہ سعد حسین رضوی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کےسفر آخرت میں ان کے چاہنے والوں کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی۔
ان کی نماز جنازہ کے موقع پر تنظیم کی طرف سے علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے علامہ سعد رضوی کو تحریک کا نیا امیر بھی مقرر کر دیا گیا۔
علامہ خادم حسین رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کے روز انتقال کر گئے تھے، انہیں طبیعت بگڑنے پر شیخ زید اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
علامہ خادم حسین رضوی کی رسم قل اتوار کی صبح 9 بجےداتا دربار مسجد میں ادا کی جائے گی۔