• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علامہ خادم حسین رضوی کی وفات تحریک ختم نبوت کا بڑا نقصان ہے، مفتی فاروق علوی

برمنگھم(پ ر) ممتاز عالم دین ادارہ باب العلم کے ڈائرکٹر اور سپارک بروک اسلامک سنٹر کے خطیب مفتی محمد فاروق علوی نے مجاہد ختم نبوت اور عاشق رسولﷺ ممتاز عالم دین تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ شیخ الحدیث حضرت علامہ خادم حسین رضوی کی وفات کو بہت بڑا سانحہ اور ناموس رسالت اور ختم نبوت کی تحریک کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔انہوں نے ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو جس طرح بے نقاب کیا وہ قابل تحسین اور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو قبول کرے۔ انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور پاکستان اوراللہ کے دین کی خاطر ان کی خدمات کو قبول فرمائے، ان کے خاندان اور تحریک لبیک کی قیادت کو صبروجمیل دے ۔ انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں دنیا بھر میں ان کے عقیدت مند وں کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، اس مشکل وقت ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، اللہ ایسے لوگوں کو بار بار پیدا نہیں کرتا، ناموس رسالتﷺ کے لیے آخری دم تک جدوجہد کرتے رہے اور مالک حقیقی کے پاس پہنچ گے۔ مفتی فاروق نے کہا کہ مرحوم نے اپنی تقریروں سے عوام کے اندر بہت بڑا جذبہ اور ولولہ پیدا کیا، مشکل حالات میں بھی انہوں حق کا دامن نہیں چھوڑا اور استقامت کا مظاہرہ کیا، ختم نبوت اور ناموس رسالتﷺ کی خاطر میدان میں ڈٹے اور اپنے موقف پر قائم رہے کسی بھی دبائو میں نہیں آئے ۔
تازہ ترین