• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا پاکستان کیخلاف ایف اے ٹی ایف سے اپنی شکایت واپس لے، رحمان ملک

چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ رحمان ملک نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کوخط لکھا ہے، جس میں امریکا سے پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف میں شکایت واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

رحمان ملک نے اپنے خط میں کہا کہ امریکا پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف سے اپنی شکایت واپس لے، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کیخلاف سارے الزامات بےبنیاد ہیں، جبکہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہونے سے ہماری معیشت بری طرح متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے متعلق بھارت حقیقت سے ہٹ کر امریکا کو گمراہ کررہا ہے۔

رحمان ملک نے جو بائیڈن کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ یقین ہے آپ دنیا کے امن و اماں کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے، پاکستان نے سرد جنگ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکا سے بھرپور تعاون کیا۔

رحمان ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں ہر ملک سے زیادہ ہیں، جبکہ بھارتی وزیراعظم مودی پراکسی وار کے ذریعے علاقائی امن خراب کر رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ بھارت داعش و دیگر دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے، مودی کے وزیراعظم ہوتے ہوئے خطے میں امن و اماں ممکن نہیں ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ داعش اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ سے داعش کی تخریب کاریاں بڑھی ہیں، بروقت نہ روکا تو مودی جلد دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل دے گا۔

رحمان ملک نے کہا کہ بھارت افغان امن عمل مسلسل سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارت کو افغان امن عمل برباد کرنے سے روکا جائے۔

تازہ ترین