وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کی خبریں مفاد پرست ٹولے پر گراں گزرتی ہیں۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ صبح شام معیشت کے دگرگوں حالات کا رونا وہ روتے ہیں، جو خود خرابی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تو کرنٹ اکاؤنٹ ماہانہ 2 ارب ڈالر کا خسارہ ملا تھا جبکہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل چوتھے ماہ یعنی اکتوبر میں بھی سرپلس رہا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تجارتی خسارہ مسلسل کم اور صنعتی پیداوار میں مضبوط نمو نظر آ رہی ہے جبکہ ن لیگ کے دورے اقتدار میں صرف شریفوں کے کاروبار میں ترقی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نسل در نسل خاندانی غلامی سے نکل کر تعصب کی عینک اتار کر ملک کو ترقی کرتا دیکھیں۔