• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا عروہ اور فرحان نے راہیں جدا کرلیں؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید کے حوالے سے مبینہ طور پر یہ خبریں زیرگردش ہیں کہ دونوں نے اختلافات کے باعث راہیں جدا کرلی ہیں۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلتی اس خبر نے اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ اس خبر کے سامنے آنے کے ساتھ ہی پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر ہیش ٹیگ ’عروہ حسین‘ ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔

مذکورہ ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جوڑی کے مداح دُکھ کا اظہار کررہے ہیں، اس سے قبل سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی علیحدگی پر بھی مداحوں کی جانب سے ایسا ہی ردعمل سامنے آیا تھا۔

صارفین عروہ اور فرحان کی علیحدگی کی خبر کو سال 2020 کی بدترین خبر قرار دے رہے ہیں۔

3 سال قبل دھوم دھام سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے عروہ اور فرحان کے حوالے سے یہ کہا جارہا ہے کہ دونوں شخصیات نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹس اور شوبز سے متعلق خبریں شیئر کرنے والی ویب سائٹس پر یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ تین سال تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے والے فرحان سعید اور عروہ حسین کے درمیان اب اختلافات کافی بڑھ چکے ہیں۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اب تک دونوں شخصیات کی جانب سے علیحدگی کی افواہوں کی کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔


خیال رہے کہ ابھی 2 ماہ قبل فرحان سعید کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی تھی۔

خیال رہے کہ اداکارہ و ماڈل عروہ حسین اور گلوکار و اداکار فرحان سعید 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

تازہ ترین