• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمار سانو کی بیٹے کو اپنے نام کی جگہ ماں کا نام استعمال کرنے کی تجویز

بھارت کے لیجنڈری گلوکار کمار سانو نے اپنے بیٹے جان کمار سانو کو اپنے نام کے بجائے ماں کا نام استعمال کرنے کی تجویز دی ہے۔ 

واضح رہے کہ جان کمار سانو نے ریئلٹی شو بگ باس کے 14ویں سیزن میں شو کی ایک کنٹیسٹنٹ نکی تمبولی سے کہہ دیا تھا کہ وہ مراٹھی زبان کا استعمال نہ کریں اس سے مجھے چڑ ہوتی ہے۔

ان کے اس بیان پر ریاست مہاراشٹرا، جہاں یہ زبان بولی جاتی ہے، کی حکمراں جماعت شیو سینا اور مہاراشٹرا نونرمان سینا نے کمار سانو سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

اس شدید دباؤ کے بعد کمار سانو نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ میرا بیٹا 27 سال سے میرے پاس نہیں ہے اور نہ ہی میں اس کی پرورش کے بارے میں جانتا ہوں، وہ اپنی ماں ریٹا بھٹاچاریہ کے پاس پلا بڑھا ہے۔ 

اس پر جان کمار سانو نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تین بھائی ہیں، ہماری ماں ریٹا بھٹاچاریہ نے ہماری پرورش کی، میرے والد کمار سانو کبھی ہماری زندگی کا حصہ ہی نہیں تھے، مجھے نہیں معلوم کہ انھوں نے ہماری مدد کیوں نہیں کی۔ 

گلوکار کمار سانو کی جانب سے پہلے اپنے بیٹے کی پرورش پر سوال اٹھانے کے بعد اب ان کی گائیکی کو سپورٹ کرنے سے متعلق ویڈیو جاری کی گئی۔ 

جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے جان کمار سانو کا کہنا تھا کہ پہلے انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی اور میری پرورش پر سوال اٹھایا اور اب ایک اور ویڈیو اپ لوڈ کردی جس میں انھوں نے میری گلوکاری کو سپورٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ میرے والد کے میرے لیے ملے جلے جذبات ہیں، تاہم میں نے تو ان کی ویڈیوز ہی نہیں دیکھیں۔ 

جان نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کسی کو میری پرورش پر سوال اٹھانا چاہیے کیونکہ لوگوں نے مجھے شو میں دیکھا اور میری پرورش کو سراہا ہے۔ 

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی والد نے اپنے تمام بچوں کے ساتھ کافی عرصے سے ناروا سلوک رکھا۔

جان کمار سانو نے کہا کہ آپ کے اپنے لائف پارٹنر کے ساتھ اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن زیادہ تر جوڑے اس کو اس طرح دیکھتے ہیں کہ ان سے بچے متاثر نہ ہوں۔ 

انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب کوئی مجھ سے کہتا ہے کہ میں اقربا پروری کی پیداوار ہوں تو مجھے عجیب لگتا ہے، کیونکہ میں نے اپنا راستہ خود بنایا ہے اور میں مستقبل میں بھی اس پر چلتا رہوں گا۔ 

اس پر کمار سانو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کو بڑا سپورٹ کیا ہے، جبکہ واقعی ان کی ماں نے اکیلے ان کی پرورش کی جو قابلِ تحسین ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے بھارت کے بڑے فلم سازوں سے بات کرنے کا کہا، میں نے بات کی اور اب یہ ان پر ہے کہ وہ جان کمار سانو کو کام دیتے ہیں یا نہیں دیتے۔

انٹرویو کے دوران انھوں نے جان کمار سانو کو تجویز دی کہ وہ نوجوان گلوکار اپنے نام کے آگے ان کے نام کے بجائے ریٹا بھٹاچاریہ کا نام استعمال کر سکتے ہیں اور وہ ان کے اس فیصلے کا خیرمقدم بھی کریں گے۔ 

تازہ ترین