• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 4 دہشتگرد گرفتار، 60 کلو دھماکا خیز مواد پکڑا گیا


کراچی میں حساس ادارے اور ویسٹ پولیس نے اہم کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشتگرد گرفتار کرلیے، مبینہ دہشتگردوں سے 60 کلوگرام ہائی ایکسپلوزو، ڈیٹونیٹنگ وائرز اور ڈیٹونیٹرز برآمد کرلیے گئے۔

کالعدم تنظیموں کے ان مبینہ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا تھا۔

حکام کے مطابق گرفتار 4 دہشت گردوں میں سے 3 کا کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) اور ایک بی ایل اے سے تعلق رکھتا ہے۔


چاروں مبینہ دہشت گرد افغانستان سے پہلے بلوچستان اور پھر کراچی پہنچے تھے، کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشت گرد کراچی کے علاقے بنارس کے ایک سرائے میں مقیم تھے۔

حکام کے مطابق کالعدم بی ایل اے کا مبینہ دہشت گرد بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان لے کر کراچی پہنچا تھا۔

ملزمان سے 60 میٹر ڈیٹونیٹنگ وائرز،16 ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ان دہشت گردوں کی نشاندہی پر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ان چاروں دہشت گردوں کو افغانستان میں پہلے دہشت گردی کی تربیت فراہم کی گئی، اُس کے بعد کراچی میں دہشت گردی کا ٹاسک دے کر بھیجا گیا۔

ان دہشت گردوں کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی ایک آئی ڈی اور پاس ورڈ بھی دیا گیا، جس پر انہیں مبینہ دہشت گرد حملے کا ٹارگٹ دیا جانا تھا۔

حکام کے مطابق کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم بی ایل اے مل کر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے، وہ اس کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا کو خصوصی طور پر مانیٹر کرتے تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد ماضی میں بھی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

تازہ ترین