کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ شہر میں طویل عرصے کے بعد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور استرکاری کے لئے فیلڈ فورس قائم کی گئی ہے جو کے ایم سی کی سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کو فوری طور پر بھرے گی ، ماضی میں کے ایم سی مستقل طور پر یہ کام انجام دیا کرتی تھی لیکن طویل عرصے سے یہ پریکٹس معطل تھی جسے بحال کردیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی مینٹی نینس کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس میں کہی، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت اور کارپیٹنگ کے لئے ایک بڑا ٹرک جس میں روڈ کنسٹرکشن مٹیریل اور لیبر موجود ہوگی، شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل سڑکوں پر رہے گا اور پڑنے والے گڑھوں کو اسی وقت بھرے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فنڈز دستیاب ہوتے ہی مزید سڑکوں کی تعمیر اور استرکاری کی جائے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی نئے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پلوں اور فلائی اوورز کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، غریب آباد پل، جوہر موڑ شہید میجر عدیل پل اور لیاقت آباد فلائی اوور کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کے بعد اب شاہ فیصل کالونی برج کے ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل کئے جا رہے ہیں یہ کام آئندہ دس روز میں مکمل کرلیا جائے گا، مزید پلوں اور فلائی اوورز پر بھی جہاں ضرورت ہوئی تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے گا۔