• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات، تحفظات دور

وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات


لاہور (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات، تحفظات دور، پارٹی لیڈروں سے الگ ملاقات، چوہدری برادران نے وزیر اعظم سے کہا کہ کچھ لوگ آپ کو گمراہ کرتے ہیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ آئندہ شکایت کا موقع نہیں ملے گا، وزیر اعظم نے چوہدری شجاعت کی عیادت بھی کی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور مہنگائی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ 

وزیراعظم اور چوہدری برادران کی ملاقات میں کھلے دل سے ایک دوسرے کے گلے شکوے سنے اور ماضی کی غلط فہمیوں اور تحفظات کو دور کرکے ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے اور آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت میں ملاقات کے دو دور ہوئے۔ 

پہلی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویزالٰہی، چوہدری مونس الٰہی، چوہدری طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک الٰہی، چوہدری حسین الٰہی، محمد خان بھٹی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور شہباز گل شریک ہوئے۔ 

وزیراعظم کی چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے علیحدگی میں تفصیل سے ملاقات ہوئی جس میں چوہدری برادران نے دل کھول کر وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا کہ کچھ لوگ جن کا تعلق پنجاب سے ہے، وہ آپ (وزیراعظم) کو گمراہ کرتے ہیں۔ 

چوہدری برادران نے وزیراعظم اور چوہدری برادران کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے عناصر سے بچیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ آپ کو گلے شکوے کا موقع نہیں ملے گا، میں خود اس کو دیکھوں گا۔ 

چوہدری برادران نے کہا کہ ہم پہلے بھی حکومت کے ساتھ تھے اور اب بھی ہیں اور آئندہ بھی مل کر ساتھ چلیں گے۔ ہمارے آپس میں رابطے کے فقدان سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں جو اب اس ملاقات کے بعد دور ہو گئیں اور آئندہ دونوں اتحادی جماعتیں مل کر قومی ایشوز کو حل کریں گی۔

تازہ ترین