کراچی (ٹی وی رپورٹ)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کا بائیکاٹ کر کے غلطی کی ،کورونا کی سنگین صورتحال پر اپوزیشن کو سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، اپوزیشن قیادت کو سینیٹ، قومی اسمبلی اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں پورا موقع دیا، پروڈکشن آرڈر کی جتنی درخواستیں آئیں ان پر قانون کے مطابق عمل کیا، اپوزیشن پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کرے ۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف بھی شریک تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کورونا پارلیمانی کمیٹی کا نشستن، گفتن او ر برخاستن کے علاوہ کوئی مقصد نہیں تھا، پارلیمانی کمیٹی کا بائیکاٹ کر کے اپنے احتجاج کا اظہار کررہے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی کی کارروائی میں وزیراعظم آفس سے ہدایات نہ لیں خود فیصلے کریں،حکومت نکالنا ہمارا ایک مقصد ہے ، ہم چاہتے ہیں تمام آئینی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ ہوجائے،اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، حکومت جتنے چاہے مقدمے درج کرے ہماری جدوجہد نہیں رکے گی۔